تاجر برادری کو صنعت و تجارت سے متعلقہ تمام معلومات کی فراہمی یقینی بنائیں گے تاکہ پاکستان کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوسکے لاہور ایوان صنعت و تجارت کے نومنتخب صدر شاہد حسن شیخ کا سالانہ اجلاس سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2006 15:09

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25ستمبر 2006 ) لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب صدر شاہد حسن شیخ نے پبلک پرائیویٹ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نبرآزما ہونے کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے توانائی کی کمی، انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں ٹھوس حکمتِ عملی ترتیب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شاہد حسن شیخ گذشتہ روز لاہور ایوانِ صنعت و تجارت میں صدارت کے منصب پر فائز ہونے کے بعد سالانہ اجلاسسے خطاب کررہے تھے۔ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب سینئر نائب صدر یعقوب طاہر اظہار، نائب صدر مبشر شیخ، سبکدوش ہونے والے صدر میاں شفقت علی، سینئر نائب صدر عبدالباسط اور نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

نومنتخب صدر نے کہا کہ وہ صنعت و تجارت سے متعلقہ تمام معلومات کی تاجر برادری کو فراہمی یقینی بنائیں گے تاکہ پاکستان کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوسکے۔

شاہد حسن شیخ نے تاجر برادری پر زور دیا کہ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کی سٹینڈنگ کمیٹیوں میں شامل ہوں اور ان کی میٹنگز میں حصّہ لیں تاکہ اُن کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچ سکے۔ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب سینئر نائب صدر یعقوب طاہر اظہار نے کہا کہ جو ایشوز فوری طور پر حل طلب ہیں اُن کے متعلق وہ واضح ویژن رکھتے ہیں اور وہ ان ایشوز کو متعلقہ سرکاری محکموں کے سامنے اٹھائیں گے۔

لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب نائب صدر مبشر شیخ نے سبکدوش ہونے والے عہدیداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے سٹیٹس کو مزید اونچا کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ قبل ازیں لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے سبکدوش ہونے والے صدر میاں شفقت علی، سینئر نائب صدر عبدالباسط اور نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے بھی خطاب کیا اور سال بھر کے دوران کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ میاں شفقت علی نے ممبران سے اکاؤنٹس کی منظوری بھی لی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں