کاروباری برادری ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے‘لاہو ر چیمبر

جمعرات 25 اگست 2016 17:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے صنعتی علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ یہ مسئلہ فوری طور پر حل کریں کیونکہ گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا دستیاب نہ ہونا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت جب برآمدات بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، صنعتوں کے لیے گیس کی عدم دستیابی پریشان کن حالات پیدا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا نہ ہونا ہے کیونکہ شکایات کے مطابق پریشر اس قدر کم ہوجاتا ہے کہ اس کے ذریعے مشینری چلنا ممکن نہیں رہتا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ گیس صنعتوں کا اہم خام مال ہے جس کے بغیر صنعتی پہیہ رواں رہنا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، رواں مالی سال کے لیے مقررہ محاصل کا بھاری ہدف اسی صورت حاصل ہوسکے گا جب کاروباری برادری برادری اپنا بہترین کردار ادا کرے گی لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات سے وابستہ صنعتوں کو گیس اور بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ پیداوار بڑھے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مدّمقابل ممالک غلبہ پارہے ہیں ، صورتحال کے پیش نظر ہمیں اپنی برآمدات سے وابستہ صنعتوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنا ہونگے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ حکام فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام صنعتی علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا نوٹس لیکر یہ مسئلہ فوری حل کریں گے۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں