حب ؛ کاٹن فیکٹری میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے دھماکہ‘ متعدد مزدور زخمی

کاٹن فیکٹری میں گیس پائپ لائن کی مرمت کی جارہی تھی کہ اس دوران زور دار دھماکہ ہوگیا اور آگ لگ گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 جنوری 2022 12:39

حب ؛ کاٹن فیکٹری میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے دھماکہ‘ متعدد مزدور زخمی
حب ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2022ء ) صوبہ بلوچستان کے شہر حب میں ایک کاٹن فیکٹری میں گیس پائپ لائن پر کام کے دوران دھماکہ ہوگیا ، جس میں متعدد مزدور زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حب میں واقع ایک کاٹن فیکٹری میں گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام کیا جارہا تھا کہ اس دوران وہاں زور دار دھماکہ ہوگیا اور آگ لگ گئی ، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 11 مزدور زخمی ہوگئے ، زخمی مزدوروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔

خیال رہے کہ چند روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کی فیکٹری میں زہریلی گیس پھیلنے سے ایک چینی باشندہ ہلاک اور 2 افراد متاثر ہو گئے تھے ، یہ واقعہ ملتان میں واقع ایک نجی فیکٹری میں پیش آیا ، پرانی بیٹریوں کو ری سائیکل کیے جانے والی اس فیکٹری میں چینی باشندے بھی کام کرتے ہیں ، جہاں زہریلی گیس پھیلنے کی وجہ سے شبہ ہے کہ ایک چینی باشندے کی موت کاربن مونو آکسائیڈ کے باعث ہوئی جب کہ اس واقعے میں 2 مقامی شہری بھی متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

جب کہ صرف دو روز پہلے کوہاٹ میں بارودی مواد کے دھماکے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، خیبرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں دھماکے کے نتیجے میں اموات ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ، بارودی مواد کا یہ دھماکہ گلوتنگی کے علاقے میں ہوا ، خانہ بدوشوں کے علاقے میں ہوئے دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ شدید زخمی جبکہ 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، بظاہر مارٹر گولہ پھٹنے کے باعث دھماکہ ہوا ، بچے مارٹر گولے کو کھلونہ سمجھ کر اپنی جھونپڑی میں لے گئے تھے ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر کے واقعے کی فوری تفتیش کا بھی آغاز کر دیا گیا۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں