معیاری سماجی سہولیات کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبے ممبران ضلع کونسل اورافسران کی کاوشوں کا عملی مظہر ہے،چیئرمین ضلع کونسل

جمعرات 25 اپریل 2019 23:38

لیہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء)چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ نے کہا ہے کہ ضلع کونسل کے ذریعے کروڑوں روپے کی لاگت سے دور دراز دیہی علاقوں میں معیاری سماجی سہولیات کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبے ممبران ضلع کونسل اورافسران کی کاوشوں کا عملی مظہر ہے جس کے لیے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔یہ بات انہوں نے سرکٹ ہاوس سے متصل آٹھ کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے ضلع کونسل کے نئے دفتر کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر،وائس چیئرمین نور محبوب میلوانہ،چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد،سی او ضلع کونسل محمدعارف ،ممبران ضلع کونسل رفیق خان درانی،محمدیونس کنجال ،ملک عاشق حسین بھٹہ،ملک مقبول حسین تھندکے علاوہ ضلع کونسل کے افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیااور زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا۔

قبل ازیں سرکٹ ہائو س میں انجینئرذکاء اللہ خان نیاز ی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مجوزہ ضلع کونسل کی نئی عمارت مجموعی طور پر آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی۔پہلے مرحلے میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے چیئرمین و وائس چیئرمین آفس،کمیٹی روم ودیگر دفاترتعمیر کیے جارہے ہیں شفاف ٹینڈرنگ کی بدولت اس منصوبے سے 38کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے جو مزید سہولیات پر خرچ کی جائے گی۔اس موقع پر چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل اپنے قیام سے ابتک ممبران کی تجاویز کی روشنی میں کروڑ وں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروا رہی ہے جن کی تکمیل سے رورل ایریا میں انقلابی سماجی ترقی کے دور کا آغاز ہوگا۔

لیہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں