ایف سی ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ،ْ چار جوان شہید ،ْ دو ز خمی

جوابی کارروائی کے نتیجے میں خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے شہداء میں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل

منگل 1 جنوری 2019 23:43

لورالائی/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2019ء) ایف سی ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 جوان شہید اور دو زخمی ہوگئے ،ْ جوابی کارروائی کے نتیجے میں خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹر میں رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر حملے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے کمپاؤنڈ کے ملحقہ علاقے میں داخل ہوئے تاہم دہشت گردوں کو رہائشی علاقے کے داخلی پوائنٹ پر روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ سیکیورٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کو فوری طور پر محاصرے میں لیا اور دہشت گردوں نے حملے میں ناکامی پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیک پوسٹ پردہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے تاہم سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں حملے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہاگیاکہ خودکش بمبار نے کلیرنس کے حتمی مرحلے میں خود کو دھماکے سے اڑالیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل ہیں۔

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں