پسند کی شادی کے بعد طلاق دینے پر خاتون نے سابق شوہر کو اغواء کروا دیا،

10 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ ، مغوی کے باپ کو اٹھانے کی دھمکی پر خاتون اور تین بھائیوں کے خلاف ایف آئی آر درج، پولیس نے ایک بھائی کو گرفتار کر لیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 15:52

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پسند کی شادی کے بعد طلاق دینے پر خاتون نے سابق شوہر کو اغواء کروا دیا، تھانہ صدر پولیس نے 10 لاکھ تاوان کی ادائیگی سمیت مغوی کے باپ کو اٹھانے کی دھمکی پر خاتون اور اس کے تین بھائیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی، پولیس نے ایک نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مغوی عرفان ولد عبدالسلام نے شازی بی بی دختر دریمان سے پسند کی شادی کی تھی تاہم ذاتی چپقلش کے باعث وہ شادی زیادہ دیر جاری نہ رہ سکے اور گذشتہ 13 اگست کو دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی، عمائدین جرگہ نے شازیہ کے والدین کو رقم کی ادائیگی پر معاملہ ختم کر دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عرفان نے طلاق کے بعد دوسری جگہ شادی کی تیاریاں شروع کر رکھی تھی جس کا شازیہ بی بی اور اس کے بھائیوں کو شدید رنج تھا اور وہ مغوی عرفان کو گھر جا کر دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

(جاری ہے)

مغوی عرفان کے بھائی رضوان نے تھانہ صدر میں اطلاعی رپورٹ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ 8 اکتوبر کو عرفان گھر سے کھاس کٹائی کیلئے کھیتوں میں گیا اور پراسرار طور پر غائب ہو گیا۔

پتہ براری پر کھیتوں سے درانتی اور اس کی چادر ملی مگر اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا، دو دنوں تک اسے مختلف جگہوں پر تلاش کرتے رہے تاہم تیسرے دن ایک نمبر سے اس کے بھائی کے نمبر پر کال آئی اور کال کرنے والی سابق بھابھی شازیہ اختر دریمان تھی جس نے کہا کہ عرفان کو اس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اغواء کر لیا ہے اور وہ اس وقت ان کے قبضہ میں ہے۔ شازیہ بی بی نے عرفان سے بات بھی کروائی اور پھر کسی ایک دوسرے مرد سے بات کروائی۔

انہوں نے عرفان کی بحفاظت اور زندہ واپسی کیلئے 10 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر عرفان زندہ ضرورت ہے تو فوری طور پر رقم کا بندوبست کریں، اسی طرح وہ مسلسل فون کال کر کے اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ذریعہ کال کروا کر تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کرتی رہی جس پر تھانہ صدر میں اطلاعی رپورٹ درج کروائی اور تھانہ صدر پولیس نے شازیہ کے بھائی شمریز عرف شانی کو گرفتار کرنے اور متاثرہ افراد کے پاس فون ریکارڈنگ کال ڈیٹا کی بنیاد پر حلت نمبر 450 زیر دفعہ 365 مقدمہ درج کر کے ملزم شمریز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ دوران تفتیش اصل حقائق سامنے آنے کے امکانات ہیں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں