نائب نظامت اوگی کی نشست پر شوکت اعوان امیدوار نامزد، جماعت اسلامی ممبران نے اختلافات کے باعث سر اٹھا لیا

بدھ 16 جنوری 2019 15:02

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) تحصیل کونسل اوگی میں نائب ناظم کی خالی نشست پر جماعت اسلامی کی شوریٰ کی جانب سے شوکت اعوان کو نائب نظامت کیلئے امیدوار نامزدگی پر خود جماعت اسلامی ممبران میں اختلافات نے سر اٹھا لیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ایک ممبر نے سرعام اس فیصلہ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، بعض ممبران نے نائب ناظم کونسل کی اتفاق رائے سے منتخب کرنے کیلئے لابنگ شروع کر دی۔

نائب نظامت کیلئے 21 جنوری کو الیکشن ہوں گے، اس وقت حافظ محمد یونس کے پاس قائم مقام نائب تحصیل ناظم کی ذمہ داریاں ہیں اور انہوں نے باضابطہ مستقبل نائب ناظم بننے کیلئے کوئی لابنگ اور خواہش کا اظہار نہیں کیا۔ گذشتہ پانچ ماہ میں جس خوشگوار اور خوبصورت انداز میں ایوان کو چلانا ہے تو حزب اقتدار کی جماعت اسلامی اور حزب اختلاف کی پی ٹی آئی کے اکثریتی اراکین انہیں نائب ناظم منتخب کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں مگر جماعت اسلامی کی شوریٰ شوکت اعوان کو امیدوار نامزد کر دیا مگر اب اس فیصلہ پر جماعت اسلامی ہی کے ایک ممبر نے عالم بغاوت بلند کر دی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے ممبران کے اندر نائب نظامت پر اختلافات نے معاملہ کو الجھا دیا ہے، فیصلہ کرنے والے خود گھروں میں بیٹھ گئے اور مسئلہ تحصیل ناظم راجہ بشیر کیلئے بنا دیا ہے۔ پی ٹی آئی جو اپوزیشن میں ہے، کے بعض ممبران اس وقت بھی جماعت اسلامی سے ملکر اتفاق رائے سے نائب ناظم منتخب کرنے کے خواہاں نظر آ رہے ہیں، اگلے چند دنوں میں اس حوالہ سے اہم بریک تھرو کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں