مشیر سیاحت زاہد چن زیب کا کاغان میں ہوٹل اور مکانات برفانی تودوں میں دبنے کے واقعہ پر اظہار افسوس

جمعہ 22 مارچ 2024 16:14

بالاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) مشیر سیاحت نے کاغان میں ہوٹل اور مکانات برفانی تودوں میں دبنے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے، ضلعی انتظامیہ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مشترکہ ریسکیو آپریشن کی ہدایت کی۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے بالاکوٹ کے سیاحتی مقام ناران میں دو بڑے برفانی گلیشیئر گرنے اور اس کے نیچے متعدد ہوٹل اور مکانات دبنے کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس اندوہناک واقعہ کی اطلاع ملنے پر مشیر سیاحت نے فوری طور پر وزیراعلی علی امین گنڈاپور سے رابطہ کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا اور ان کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مشترکہ آپریشن کرنے اور جدید مشینری کے ساتھ امدادی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر بھیجنے کی ہدایت کی جبکہ وہ ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی میں بھی مصروف رہے۔

(جاری ہے)

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شبیر خان نے مشیر سیاحت کو بتایا کہ واقعہ ناران میں جھیل روڈ پر غملہ اور چھپراں گلیشیئر گرنے کے باعث پیش آیا۔ زاہد چن زیب نے جھیل روڈ کھولنے اور برفانی تودے ہٹانے کیلئے ایک ساتھ کام کرنے جبکہ متاثرین کی مدد اور انہیں برفانی تودے کی رینج سے باہر نکالنے کیلئے مقامی لوگوں کی معاونت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو مستقبل میں اس طرح کے افسوسناک واقعات کے تدارک کیلئے سائنسی طور طریقے اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں