اسلاموفوبیا پر موثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینٹ

پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تجارت کا موجودہ حجم استعداد سے کم ہے جس کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے، صادق سنجرانی کی عراقی سفیر سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2023 20:02

اسلاموفوبیا پر موثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینٹ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2023ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کے چیلنج پر موثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تجارت کا موجودہ حجم استعداد سے کم ہے جس کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہاس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، اسلامی ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اورہماری قدریں مشترک ہیں، پاکستان عراق کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خاصی اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے پارلیمانی روابط کو فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ باہمی تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک میں پائی جانے والی استعداد کے مطابق کم ہے، جس کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اوردونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس میں رابطوں کو فروع دے کر تجارتی حجم میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عراق پاکستان سے چاول، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان، فرنیچر اور دیگر مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عراقی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے ثابت قدمی سے اپنے مسائل پر قابو پایا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان براہ راست فضائی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسلاموفوبیا کے چیلنج پر موثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی طاقتیں اسرائیل پردبا ڈالیں کہ وہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کریں اور غزہ کا محاصرہ فوری ختم کر کے خوراک اور ادویات کی فراہمی آسانی بنائی جائے۔ اسلامو فوبیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مسلم ممالک کے مابین اتحا و اتفاق ناگزیر ہو چکا ہے۔

مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے ہی ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ اور عراق کے سفیر نے مسئلہ فلسطین کے حل کے حوالے سے کہا کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محصور غزہ کی پٹی میں وحشیانہ بمباری بند کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا، جو خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اقتصادی و تجارتی رابطوں کو مزید فروع دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عراق میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہا اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ عراقی سفیر نے عالم اسلام کے اتحاد کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ حامد عباس لفتہ نے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ عراق کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر ملاقات کے دوران سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں