ملتان: این اے 148 میں ضمنی پیپلزپارٹی کے قاسم گیلانی اورتحریک انصاف کے حمایت یافتہ بیرسٹر ملک تیمور میں کانٹے دار مقابلہ

اتوار کو پولنگ ہوگی‘یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کا مسلم لیگ نون پر پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کا الزام‘ سرکٹ ہاﺅس میں بیٹھ کر یوسف رضا گیلانی لوگوں کو نوکریوں کے جھانسے دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنے بیٹے کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرواسکیں. بیرسٹر تیمور الطاف کا الزام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 17 مئی 2024 22:35

ملتان: این اے 148 میں ضمنی پیپلزپارٹی کے قاسم گیلانی اورتحریک انصاف کے حمایت یافتہ بیرسٹر ملک تیمور میں کانٹے دار مقابلہ
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17مئی۔2024 ) ملتان میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 148 میں ضمنی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی اورتحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر ملک تیمور میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا یہ نشست حالیہ عام انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے پر خالی ہوئی تھی.

الیکشن کمشین کی جانب سے اس سیٹ پر انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا تھا شیڈول کے مطابق انتخابی مہم آج کی رات ختم ہو جائے گی جبکہ پولنگ اتوار کے دن ہوگی پولنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں پولنگ سٹیشن قائم کر کے عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں.

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت کے لیے مسلم لیگ نون نے اس حلقے میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا اگرچہ مسلم لیگ نون کی جانب سے قاسم گیلانی کی حمایت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے لیکن نون لیگ کے بعض مقامی راہنما متحرک دکھائی نہیں دیتے.

مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ ملتان میں مسلم لیگ نون کی مقامی قیادت بیرسٹرتیمورکی حمایت کررہی ہے جبکہ قاسم گیلانی کو پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت کی جانب سے بھی مخالفت کا سامنا ہے مسلم لیگ نون کے مقامی راہنما اور ٹکٹ ہولڈر شوکت بوسن بھی حمایت کر رہے ہیں بیرسٹر ملک تیمور کا کہنا ہے کہ ہمارا مقابلہ قاسم گیلانی سے نہیں بلکہ یوسف رضا گیلانی سے ہے انہوں نے الزام کیا کہ قاسم گیلانی کو جتوانے کے لیے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری مشینری استعمال کیا جارہا ہے.

ملتان میں8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں یوسف رضا گیلانی ان کے بیٹے عبدالقادر گیلانی اور علی موسی گیلانی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ ایک بیٹے علی حیدر گیلانی صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے. یوسف رضا کی خالی نشست پر بھی انہوں نے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے قاسم گیلانی کو پیپلز پارٹی کا ٹکٹ دلوایا ہے عام انتخابات میں اس حلقے این اے 148 میں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے 67 ہزار 326 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بیرسٹر ملک تیمور الطاف نے 67 ہزار 33 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے.

یہاں مسلم لیگ نے8 فروری کے عام انتخابات میں تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ نون میں شامل ہونے والے ملک احمد حسین ڈیہڑکو ٹکٹ جاری کیا تھاجو بری طرح ناکام ہوئے تھے. مسلم لیگ نون ملتان کے ضلعی صدر بلال بٹ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہم پوری طرح قاسم گیلانی کی حمایت کر رہے ہیں یہاں تمام رہنما اور کارکن متحد ہیں اور گیلانی کو کامیاب کرانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں جہاں بھی مسلم لیگ نون کے ووٹرز موجود ہیں ہم انہیں گیلانی کی حمایت کی ہی ہدایت کر رہے ہیں ویسے بھی ہمارے ووٹرز کبھی ایسے لیڈر اور جماعت کے حامی کو ووٹ نہیں دیں گے جو ملک کو بدحال کرنے کے ذمہ دار ہیں.

علی قاسم گیلانی نے الزام عائدکیا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف پر ہمیشہ تنقید کرتی رہی ہے لیکن جب ووٹ لینے کی باری آئی تو ان کی جماعت کے مقامی راہنما اور مکٹ ہولڈر شوکت بوسن تحریک انصاف کے امیدوار کو ساتھ لے کر مہم چلا جارہے ہیں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری روایات کا پاس رکھا حلقے کے عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ہم پر الزامات کوئی نئی بات نہیں کیونکہ تحریک انصاف جھوٹے الزامات کا سہارا لے کر ہی ووٹ لیتی رہی اب بھی وہی کر رہے ہیں.

انہوں نے دعوی کیا کہ ہم پہلے بھی کامیاب ہوئے اب بھی بھاری اکثریت سے یہ نشست دوبارہ جیت جائیں گے ملک تیمور الطاف نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پیپلز پارٹی کا استعمال کر کے خود چیئرمین سینٹ اور اپنے بیٹوں کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پہنچا چکے ہیں ضمنی انتخابات میں بھی انہیں اپنے بیٹے کے علاوہ کوئی اور نظرنہیں آیا پیپلز پارٹی میں باقی سب لوگ نعرے لگانے اور قربانیاں دینے کے لیے ہیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملتان سرکٹ ہاﺅس میں بیٹھ کر یوسف رضا گیلانی لوگوں کو نوکریوں کے جھانسے دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنے بیٹے کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرواسکیں.

بیرسٹر تیمور الطاف نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ یوسف رضا گیلانی اپنے بیٹے کو منتخب کروانے کے لیے پنجاب اور قومی حکومتوں کے وسائل کو بے دریغ استعمال کررہے ہیں.

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں