جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے عوام کے مسائل حل ہونگے، ماضی میں ہمارے فنڈز دوسرے علاقوں پر خرچ کیے گئے،زین قریشی

جمعہ 18 جنوری 2019 22:53

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری وزارت خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ ہم عوام میںسے ہیں عوامی مسائل کا پوری طرح سے ادراک ہے۔ عوام کو بھرپور ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام نے تحریک انصاف کو بھر پور مینڈیٹ دیا ہے جس کا ہمیں احساس ہے۔ عوامی مینڈیٹ کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال کی مدت پوری کریگی۔

ایسی عوام دوست پالیسیاں متعارف کروائیں گے کہ عوام مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ باب القریش سیکرٹریٹ ملتان میں این اے 157 اور این اے 156 سے آئے ہوئے عمائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد مخدومزادہ زین حسین قریشی سے ملے اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جن کے حل کیلئے انہوں نے موقع پر احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ایک بہت بڑا معاشی مرکز ہے۔ ماضی میں اس خطے کو پسماندہ رکھا گیا۔ یہاں کے فنڈز اور ترقیاتی پروگرام دوسرے علاقوں کو منتقل کئے گئے۔ جنوبی پنجاب صوبہ یہاں کی عوام کی دیرینہ خواہش ہے۔ یہاں کے عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کے مسائل کا حل صرف اور صرف نئے صوبے کے قیام سے ہی ممکن ہے۔ تحریک انصاف نئے صوبے کے قیام کیلئے فریم ورک کا آغاز کر چکی ہے اور انشاء اللہ ہمارے دور میں ہی نیا صوبہ قائم کیا جائے گا۔

بعد ازاں مخدومزادہ زین حسین قریشی این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں گئے جہاں انہوں نے مختلف بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی ورکر سے ملاقات کی۔ وہ سابق ایم پی اے ملک مظہر عباس راں (مرحوم) کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحوم کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔ وہ کافی دیر ملک مظہر عباس راں کی رہائش پر موجود رہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں