ڈویژن بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن کرکے سرکاری اراضیاں واگزار کرائی جائیں،کمشنرملتان

جمعرات 17 اکتوبر 2019 16:53

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) کمشنر افتخار علی سہو کا لینڈ اور ریونیو سمیت تمام سرکاری واجبات کی فوری ریکوری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن کرکے سرکاری اراضیاں واگزار کرائی جائیں۔ریونیو افسران مواضعات کو فوری آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر ریکارڈ اپ لوڈ کریں۔کرپٹ پٹواری کیخلاف انکوائری کرکے گرفتار کروائیں۔

ملتان ڈویژن میں کرپشن برداشت نہیں کروں گا اور کرپٹ مافیا کو عبرت کا نشان بنادونگا۔اسسٹنٹ کمشنرز 3 دن میں تمام پٹواریوں کا ریکارڈ جمع کروائیں۔سب سرکاری ملازم ہیں، کسی یونین کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے ڈویژن بھر کے ریونیو و دیگر معاملات بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر افتخار علی سہو نے کہا کہ ریونیو سٹاف ریکارڈ کی درستی بارے آفس ٹائم کے بعد بھی کام کرے۔ اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگرجوڈیشل کسیز کی مکمل پیروی کی جائے۔ڈپٹی کمشنرز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں۔عدالتوں میں کیسز کے جلد حل کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو معاملات کو بہترین انداز سے چلانا افسران کا اصل کام ہے۔انتظامی معاملات میں الجھ کر ریونیو معاملات کو نظر انداز نہ کریں۔ ریونیو معاملات بارے ڈویژن بھر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو جوابدہ ہونگے۔ کمشنر نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کی افسران و عملہ اپنا قبلہ درست کرے اور عوام کے ساتھ اپنا رویہ بہتر کرے۔

کمشنر افتخار سہو نے حکم دیا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے باہر تجاوزات اورریڑھیاں وغیرہ فوری ہٹائی جائیں۔ایسے افراد اکثر ٹاؤٹ بن کر عوام کو لوٹتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹمپ ڈیوٹی،لینڈ ریونیو،واٹر ریٹ اور ایگری کلچر انکم ٹیکس کی ریکوری بڑھائی جائے۔تمام اضلاع کی کارکردگی تجاوزات آپریشن،پرائس کنٹرول اور ریونیو کی ریکوری سے مشروط ہوگی۔

امن کمیٹیوں،پٹرول پمپ اور دیگر کمیٹیوں کے ماہانہ اجلاس طلب کرکے کیسز حل کئے جائیں۔کمشنر افتخار سہو نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ونڈوں کی فیلڈ میں جاکر ازخود ویریفکیشن کریں۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ سموگ مہم میں بلاتفریق کارروائیاں کریں۔ بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کروائیں۔ کوڑا کرکٹ، پلاسٹک جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

کمشنر افتخار سہو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پیٹرول پمپوں پر ناقص پیمانوں اور ناپ تول میں کمی پر واضح احکامات ہیں۔ افسران پیٹرول پمپوں پر ناپ تول کی کمی پر سخت ایکشن لیں۔ پیمانوں کیساتھ پیٹرول کی کوالٹی کی جانچ بھی کی جائے۔کمشنر ملتان ڈویژن افتخار سہو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی 677 موصول شکایات سی391 حل، 107 کورٹ کیسز ہیں. کمشنر گراں فروشی کے خلاف آپریشن میں گزشتہ 2 ماہ میں 138 مقدمات درج کرکے 74 افراد گرفتار جبکہ 1 کروڑ سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔

رواں ماہ اب تک 23 مقدمات درج، 8 گراں فروش گرفتار، 20لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔ڈویژن کے 2442 موضع جات میں سے 2248 کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔ شجرکاری بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں ابتک 11 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے۔ امام حسین ؓ کے چہلم پر 30 جلوس، 83 مجالس ہوں گی۔ چہلم کے حوالے سے تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈویژن بھر میں 31 بلین کی بے نامی جائیداد کی بھی نشاندہی کی جاچکی ہے۔جبکہ پرائم منسٹر پورٹل پر رواں ماہ موصول شدہ 677شکایات میں 391 حل کی گئیں۔اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز،اسسٹنٹ لینڈ ریکارڈ افسران و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں