گوگل نے ہواوے کو اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی بعض اپ ڈیٹس کے استعمال سے روک دیا،

ہواوے کے بعض نئے ماڈلز کے فون یو ٹیوب اور گوگل میپس جیسی ایپلیکیشنز سے محروم ہو جائیں گے

پیر 20 مئی 2019 11:15

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) امریکی انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے چینی کمپنی ہواوے کو اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی بعض اپ ڈیٹس کے استعمال سے روک دیا ہے اور اس اقدام کو ہواوے کے لئے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے ہواوے کو بلیک لسٹ کرنے کے بعد اٹھائے گئے اس اقدام کے نتیجہ میں ہواوے کے بعض نئے ماڈلز کے فون گوگل کی یو ٹیوب اور گوگل میپس جیسی معروف ایپلیکیشنز سے محروم ہو جائیں گے۔

ہواوے کمپنی کے موبائل فونز گوگل کی سکیورٹی اور ٹیکنیکل اپ ڈیٹس نہیں ملیں گی۔ہواوے سمارٹ فونز کے موجودہ صارفین ایپلیکیشنز کو اپ ڈیٹ کر سکیں گے اور سکیورٹی اپ ڈیٹس تک رسائی حاصل کر سکیں گے لیکن ہواوے کے نئے آنے والے ماڈلز میں یہ سہولیات اور ان کی اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ہواوے ایک اوپن سورس لائسنس کے ذریعے دستیاب اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کا ورژن استعمال کر سکے گا۔

اقتصادی ماہر بین وڈ کا کہنا ہے کہ گوگل کے اس اقدام سے ہواوے کا بزنس پر بڑے پیمانے پر متاثر ہو گا۔ادھر ہواوے کے چیف ایگزیکٹو رین ژینگ فی نے جاپانی ذرائع ابلاغ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس صورت حال کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے موبائل فونز کے لئے امریکی کمپنیوں سے سالانہ 67 ارب ڈالر کے آلات اور پرزے خریدتی ہے لیکن اب وہ انہیں خود تیار کرے گی۔امریکا اور اس کے اتحادی یورپی ممالک کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی ہواوے اپنے سسٹم کو جاسوسی کے لئے استعمال کرتی ہے تاہم ہواوے اس الزام کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور اس کے سینیئر افسران کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر امریکی اور یورپی حکام سے بات چیت اور ان کے تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں