مظفرآباد، ٹیکس چوروں کی پشت بانی، سہولت کاروں نے حکومت اور اداروں کو دھمکانا شروع کر دیا

منگل 23 اپریل 2024 14:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) ٹیکس چوروں کی پشت بانی، سہولت کاروں نے حکومت اور اداروں کو دھمکانا شروع کر دیا۔ ٹیکس چوروں کے دست راست گزشتہ آٹھ دنوں سے حکومت کو بلیک میل کر رہے ہیں مگر حکومتی اداروں کی جانب سے خاموشی نے عوام کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ دوسری جانب ٹیکس چوروں کے سہولت کاروں نے چوری سے حاصل ہونے والی دولت کی بند بوریوں کے منہ کھولتے ہوئے حکومت اور اداروں کو بلیک میل کرنے والے مافیا سے روابط استوار کر لیے ہیں۔

عارف ضیا نامی بھاری رقوم تقسیم کرنے میں مشغول۔ قبل ازیں بھی والٹن ٹوبیکو کمپنی کے ملازم عارف ضیا نے وے وارڈ ٹوبیکو کے خلاف میڈیا مہم اور عوامی احتجاجی تحریکیں چلائی تھیں۔تفصیلات کے مطابق ایک عرصہ سے آزاد کشمیر کے مردم خیز علاقہ بھمبر میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹریاں لگا کر قومی اور ریاستی خزانے کو ہزاروں نہیں بلکہ اربوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث والٹن ٹو بیکو کمپنی، نیشنل ٹو بیکو کمپنی جن کی مبینہ طور پر پشت بانی محکمہ ان لینڈ ریونیو آزاد کشمیر کے ایک اعلی آفسر کی جانب سے کرنے کا مبینہ انکشاف بھی ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ان کمپنیوں کے خلاف وزیراعظم آزاد کشمیر نے شدید عوامی شکایات اور حکومتی اداروں کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے بعد کاروائیوں کا آغاز کیا تو غیر قانونی، غیر آئینی کاروبار سے منسلک سگریٹ کمپنیوں کے مالکان اور ان کے سہولت کاروں نے حکومت آزاد کشمیر کو بلیک میل کرنے کی ٹھان لی۔ گزشتہ آٹھ روز سے پرنٹ الیکٹرانک میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپا کرنے والوں نے حکومت اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے دفتر کے سامنے دھرنے کے اعلانات بھی شائع کرنا شروع کر دیے ہیں جس پر سیاسی سماجی مذہبی عوامی سطح پر شدید چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔

انتہائی باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قبل ازیں سگریٹ مافیا کی جانب سے مظفرآباد میں قائم کی جانے والی وے وارڈ ٹو بیکو کمپنی کے خلاف بھی اسی طرح کی لن ترانیاں کی جا چکی ہیں اور رات کے پچھلے پہر ووے وارڈ ٹوبیکو کمپنی کو آگ لگا کر خاکستر کیا جا چکا ہے مگر حیرت کی بات ہے یہی ٹوبیکو کمپنیز بھمبر میں ایک عرصہ سے ٹیکس چوری جیسے معاملات میں ملوث ہیں مگر ان کے خلاف حکومت کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں پر ان کے سہولت کاروں نے ریاست بھر سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر اور اداروں کو کھلے عام بلیک میل کرنا شروع کر رکھا ہے جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔

سیاسی سماجی مذہبی تجارتی عوامی حلقوں کے اکابرین نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کرپٹ عناصر انتظامیہ سگریٹ فیکٹری اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کاروائیوں کا آغاز کیا جائے تاکہ نسل نو کی زندگیوں /جانوں کو بچانے سمیت ریاست سے ٹیکس چوری کا خاتمہ اور ریاست کا نام بدنام کرنے والے عناصر کا قلع قمع ہو سکے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں