آزادکشمیر کی ساری قیادت ہنگامی طور پر مل بیٹھ کر اپنا کردار ادا کرے،چوہدری پرویز احمد وڑائچ

پیر 13 مئی 2024 16:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) سینئر ممبر بورڈ آف انوسٹمنٹ آزاد جموں وکشمیر چوہدری پرویز احمد وڑائچ کی آزادکشمیر کی موجودہ تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار،آزادکشمیر کے موجودہ حالات ساری کشمیری قیادت کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔آزادکشمیر کی ساری قیادت ہنگامی طور پر مل بیٹھ کر اپنا کردار ادا کرے۔

موجودہ حالات سے آزادکشمیر کا وجود اور حاصل شدہ حیثیت خطرے میں پڑ سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ اسلام گڑھ میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی شہادت پر دلی افسوس،زخمی ہونے والے پولیس اہلکاران اور مظاہرین سے دلی ہمدردی کرتے ہیں۔انتظامیہ ہو یا مظاہرین کسی کی ہلاکت اور شہادت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

حکومت آزادکشمیر حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے بصورت دیگر دیر ہو جائے۔انھوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی اور رینجرز کو آزاد کشمیر میں کسی آزمائش سے دوچار نہ کیا جائے۔میں پورے آزادکشمیر کی عوام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ پرامن احتجاج کا راستہ اختیارکریں اور تمام مسائل کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔تمام جماعتوں کے کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے اپنے نظریے اور عقیدے پر استقامت کے ساتھ کھڑے رہیں اور موجودہ صورتحال میں صلح صفائی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں