غیر قانونی بھارتی تسلط کی وجہ سے کشمیری شدید مصائب و مشکلات سے دو چار ،امن و سکون تباہ ہو چکا ، میجر(ر) گل زمان اعوان

جمعہ 17 مئی 2024 23:17

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) میجر(ر) گل زمان اعوان نے کہا ہے کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کی وجہ سے کشمیری شدید مصائب و مشکلات سے دو چار ہیں اور ان کا امن و سکون تباہ ہو چکا ہے، بھارت حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں کو بے انتہاء مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے اور اس نے جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جما کر پورے خطے کا امن دائو پر لگا رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا نام نہاد جمہوری ملک بھارت مقبوضہ علاقے میں عالمی قوانین ،اصول و ضوابط اور عدل و انصاف کی دھجیاں اڑا رہا ہے لہٰذا عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اس کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا بنیادی حق حق خودارادیت دلوائے ۔

(جاری ہے)

غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حالات میں کوئی فرق نہیں ہے ، دونوں ممالک فوجی در اندازی اور ریاستی مظالم کا شکار ہیں، دونوں ہی مسائل کا اقوام متحدہ اور بین الاقوامی طاقتوں کا رویہ انسانی قدر اور انسانی حقوق کے منافی ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل تمام فریقین کے مابین مذاکرات سے ممکن ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کشمیری قوم کا وکیل ہے اور کسی بھی مقدمہ کو جیتنے کیلئے وکیل کا مضبوط اور مستحکم ہونا از بس ضروری ہے لہذا مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کیلئے اقتصادی اور معاشی طور پر ایک مضبوط جمہوری پاکستان محکوم و مظلوم کشمیری عوام کی ایک مضبوط آواز بن سکتا ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں