امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُٹھانے میں اہم کردار ادا کیا ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

پیر 16 اکتوبر 2023 21:13

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2023ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیری بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُٹھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور امریکہ میں آباد کشمیریوں نے مظلوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے دنیا کے ہر فورم بالخصوص امریکہ میں بھرپور انداز میں آواز بلند کی ہے اور دنیا کو بھارت کے مکروہ عزائم سے آگاہ کیا ہے اور میں کشمیری عوام کی طرف سے امریکہ میں مقیم کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے26ستمبر کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے احتجاجی مظاہر ہ کر کے بھارت کی انتہاء پسند مودی حکومت کی ریشہ دوانیوں کا پردہ چاک کیا ہے کیونکہ بھارت نے 05اگست2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آبادمیں سید آفتاب شاہ کی قیادت میں امریکہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن کے ایک وفدسے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں ، عورتوں کی عصمت دری، بچوں اور بزرگوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنا کر اُن سے اُن کی بینائی چھینی جا رہی ہے ایسے حالات میں امریکہ میں مقیم کشمیریوں کی یہ دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ امریکی حکومت اور کانگریس میں بھارت کی طرف سے کیے جانے والے ان مظالم کو اُجاگر کریں اور بتائیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیریوں کے جذبہ حریت اور اُن کی تحریک آزادی کو کبھی زیر نہیں کر سکتا، مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے سید آفتاب شاہ کی کوششوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں اہم کردارادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سید آفتاب شاہ نے کہا کہ 26ستمبر کونیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے ہوئے احتجاجی مظاہرے سے آپ (صدر ریاست آزادجموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری)کے ٹیلیفونک خطاب سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، لہذا امریکہ میں مقیم کشمیری امید کرتے ہیں کہ آپ جلد امریکہ کا دورہ کریں گے اور مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔

اس موقع پرسید آفتاب شاہ نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد امریکہ کا دورہ کریں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں