محسن نقوی ہمارے ووٹوں سے سینیٹر بنے، (ن)لیگ میں شمولیت کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا،ملک احمد خان

دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث افراد کو کیسے سیاسی قیدی کہا جا سکتا ہے،پہلے سیاسی قیدی کی تشریح کرنا ہو گی، اسپیکر پنجاب اسمبلی

بدھ 3 اپریل 2024 21:45

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ محسن نقوی کے کام سے متاثر ہیں ہمارے ووٹوں سے سینیٹر بن گئے مگر مسلم لیگ (ن) شمولیت کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا۔میڈیا میں گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میرا بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی صرف ایک کردار ہے کہ ایوان کو کو قواعد اور جمہوری پریکٹسز کے مطابق چلائوں، چودھری پرویز الٰحی کے دور میں کچھ معاملات ایسے ہوئے جن میں تاریخی غلطیاں تھیں، کم از کم میری دعا ہے کہ وہ غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بہتر یہ ہوتا کہ خیبر پختوانخواہ اسپیکر الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق حلف لیتے، تحریک انصاف والے پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کر کے اور 90 روز کی بحث میں گئے اور خیبر پختوانخواہ کے ساتھ بھی یہی کر چکے ہیں، میرا نہیں خیال آئسولیشن میں پڑ کر جمہوری نظام کی خدمت کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ سیاسی قیدی کی تشریح آپ کو کرنا پڑے گی، دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث افراد کو کیسے سیاسی قیدی کہا جا سکتا ہے، جن پر شہدا ء کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے، پٹرول بم پھینکنے، گھیرا ئوجلا ئوکے مقدمات ہوں وہ سیاسی قیدی نہیں، پہلے سیاسی قیدی کی تشریح کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا حق انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے، مشکلات اپنی جگہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اپنی جگہ، ہمارے ملک میں غربت بے تحاشہ ہے اس کا بندوبست حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں