پشاورہائیکورٹ نے افغان خاتون کو پاکستانی شہریت نہ دینے کیخلاف دائررٹ پٹیشن منظور کرلی

بدھ 31 مئی 2023 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2023ء) پشاورہائیکورٹ نے افغان خاتون کو پاکستانی شہریت نہ دینے کیخلاف دائررٹ پٹیشن منظور کرتے ہوئےفریقین کودوماہ کے اندران کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس عبدالشکوراورجسٹس وقاراحمد پرمشتمل فاضل بنچ نے درخواست گزارخاتون جمیلہ کی رٹ پر سماعت کی جس میں وزارت داخلہ، سیکرٹری امیگریشن، سیکرٹری ہوم خیبرپختونخوا اورنادرا وغیرہ کو فریق بنایاگیا ہے۔

دوران سماعت انکے وکیل دارس خان نے عدالت کو بتایا کہ خاتون نے پاکستانی شہری نوراللہ خان سے 2016میں شادی کی جن کے 4بچے بھی ہیں تاہم خاتون کو اسلئے شہریت نہیں دی جارہی ہے کیونکہ انکے خاندان کا تعلق افغانستان سے ہے حالانکہ وہ خود پاکستان میں پیدا ہوئیں۔سٹیزن شپ سرٹیفکیٹ اورشناختی کارڈ کے حصول کیلئے انہوں نے متعلقہ اداروں کو درخواستیں دیں تاہم فریقین کیجانب سے کسی قسم کا جواب نہیں ملا۔

(جاری ہے)

دارس خان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان شہری سے شادی کے بعد یہ ان کا حق بنتاہے کہ انہیں پاکستان سٹیزن شپ رولز1952کے تحت شہریت دی جائے، اس حوالے سے انہوں نے تمام قانونی تقاضے بھی پورے کئے لہذا کئی سال گزرنے کے بعد بھی شہریت نہ دینا انکی حق تلفی اور ان سے امتیازی سلوک ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انکے بچوں کوسکولوں میں داخلہ کیلئے فارم بی جاری کرنے کے بھی احکامات جاری کئے جائیں۔دورکنی بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر قراردیاکہ وزارت داخلہ سمیت فریقین دوماہ کے اندر اندر درخواست گزار خاتون کا مسئلہ حل کریں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں