تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی جلد یقینی بنائی جائے گی،شوکت یوسفزئی

جمعہ 21 جون 2019 00:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام اور خاص طور پر بزرگ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سینئر سٹیزن ایکٹ 2014 پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے۔ بہتر علاج اور صحت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی جلد یقینی بنائی جائے گی۔

صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نوجوانوں کو انصاف روزگار سکیم کے تحت بلا سود قرضوں کا اجراء ضم اضلاع کے بعد پورے صوبے میں شروع کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیونٹی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تحت منعقدہ الڈر ابیوز اوئیرنس ڈے اور انصاف روزگار سکیم کے تحت مستحقین میں بلا سود قرضوں کی دستاویزات کی تقسیم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ معاشرے میں اکثر تنازعات اور مسائل نوجوانوں اور بزرگوں کے درمیان جنریشن گیپ کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں لیکن خوش قسمتی سے ہمارے معاشرتی اقدار اور اسلامی تعلیمات کی رو سے بزرگ شہریوں کو معاشرے میں اعلیٰ مقام دیا جاتا ہے۔ ہمارے کامیابیوں کے پیچھے ان بزرگوں کے تجربے اور دعاؤں کا بڑا کردار ہوتا ہے۔ حکومت بھی ہر سہولت کی فراہمی میں بزرگ شہریوں کو اولیت دیتی ہے اور یہی انسانیت کا بھی تقاضا ہے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں اور خواتین میں انصاف روزگار پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کی دستاویزات کی فراہمی کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ انصاف روزگار پروگرام کو بہت جلد پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی جو کہ صوبے سے بے روزگاری ختم کرنے اور قبائلی اضلاع کو ترقی کی طرف لے جانے کے لیے بڑا قدم ہے۔

انصاف روزگار سکیم کے تحت قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریبا 5500 مستحق نوجوانوں اور خواتین میں 50 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور مالی لحاظ سے خود مختار بن جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں