چارسدہ ‘ بین الصوبائی کار سنیچنگ گروہ گرفتار،4 مردوں کے ساتھ 4خواتین گروہ کا حصہ

پیر 23 ستمبر 2019 16:35

پشاور۔23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) تھانہ سٹی پولیس کی کارروائی میں بین الصوبائی کارسنیچنگ گینگ کے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا‘ ملزمان ٹیکسی ڈرائیوروں کو لڑکیوں کے ذریعے ورغلا کر اغوائ کرنے کے بعد قتل کرکے ان کی گاڑی ہتھیا لیتے تھے۔ ملزمان کے قبضہ سے دو گاڑیاں جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا پستو ل بھی برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ سے سٹی کی حدود میں دو مختلف واقعات رونما ہوئے ۔ملزمان نے ٹیکسی ڈرائیوروں کو راولپنڈ ی اسلام آباد سے بک کرکے چارسدہ لانے کے بعد گاڑی چھین کر ڈرائیوروں کو موت کے گھاٹ اتاردیا تھا۔ واقعات میں ایک ڈرائیور عمر خان ولد خانزادہ ساکن دیرتھا جن کی نعش پولیس کو سٹی کی حدود قلفی کورونہ میں ملی تھی جبکہ دوسرا ڈرائیور راحت اللہ ولد مسرت گل ساکن لعل قلعہ سوات تھا ۔

(جاری ہے)

چارسد پولیس نے ملزمان کو ٹریس کرکے دونوں واردات میں چھینی گاڑیوں کو برآمد کرکی8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 4خواتین بھی شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ عرفان اللہ خان نے گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے واردات میں امجد علی اور اس کی بیوی شاہ بیگم ، مرکزی ملزم صدیق اللہ ، کامران اور مستری اعجاز کو گرفتار کیا گیا۔جبکہ دوسری واردات میں ملوث عائشہ زوجہ عمر فاروق، مسما مکینہ دختر سمیع اللہ اور شیبہ دختر بختیار گل ساکن سردریاب کو بھی گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے دونوں واردات کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ واردات میں چھینی گئی دو گاڑیاں اور پستول بھی برآمد کر لی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں