ہوائی فائرنگ اور پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

اتوار 8 دسمبر 2019 19:25

پشاور۔08دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد نے گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس ٹیم کے ساتھ ہاتھا پائی کے دوران اہلکاروں کو زخمی بھی کیا جن کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان میں دولہے کا بھائی بھی شامل ہے جن کے خلاف پولیس پر حملہ اور ہوائی فائرنگ کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چند افراد تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں شادی کی تقریب میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ کر رہے تھے جو قریبی ڈیوٹی پر موجود پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنا چاہا جس کے دوران ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس پارٹی پر حملہ آور ہو کر انکے ساتھ ہاتھا پائی شروع کی جس کے دوران دو اہلکاروں سے ایس آئی نیاز علی اور کانسٹیبل محبوب الرحمن کو شدید زخمی کیا تاہم پولیس ٹیم نے نہایت حکمت عملی کے ساتھ 10 افرادکو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد میں دولہے کا بھائی بھی شامل ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے اور گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس ٹیم کو زدوکوب کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جن کے خلاف ہوائی فائرنگ اور پولیس ٹیم پر حملہ کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں