د* قبائلی اضلاع میں ماڈل سائنس لیبز قائم کیے جا رہے ہیں،ضیاء اللہ بنگش

جمعہ 30 اکتوبر 2020 17:00

yپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اکتوبر2020ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ماڈل سائنس لیبز قائم کیے جا رہے ہیں۔ جہاں قبائلی نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی انہوں نے کہا کہ ان لیبز کے قیام سے قبائلی نوجوان اپنے علاقوں میں بہترین تعلیم حاصل کر سکیں گے جبکہ ٹیکنیکل تعلیم کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع خیبر میں سکول آف ٹیکنالوجی بھی قائم کیا جارہا ہے جس سے فارغ التحصیل طلباء کو انڈسٹری کے ساتھ لنک کیا جائے گا. جبکہ ڈیجیٹل سکلز کے ذریعے بھی ہزاروں کی تعداد میں قبائلی نوجوانوں کو تربیت اور روزگار دیا جارہاہے۔

منتخب قبائلی اضلاع کے سکولوں میں ارلی ایج پروگرامنگ اور آئی ٹی کی بنیادی تربیت کا منصوبہ بھی شروع کیا جا چکا ہے جس سے قبائلی اضلاع کے طلباء و طالبات کو کم عمری میں آئی ٹی پر مہارت حاصل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہمایون خان، مینیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمود، ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد خان اور دیگر عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔

ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں کئی اہم منصوبے قبائلی اضلاع کے لیے شروع کیے جا چکے ہیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ قبائلی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ان کو اب تمام سہولیات ان کی دہلیز پر مل سکیں گی۔ مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے حکام کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور عوامی فلاح کے لیے دیگر نئے منصوبوں کی منظوری کے لیے بھی اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواکے دور افتادہ اور قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں تاکہ ٹوارزم انڈسٹری کو فروغ مل سکیں۔ اور سیاحوں کے انٹرنیٹ مسائل بھی بروقت حل ہو سکیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تمام دفاتر کی کمپیوٹرائزیشن جلد از جلد مکمل کر دی جائے گی ضیاء اللہ خان بنگش نے ہدایت کی کہ مختلف منصوبوں کے لیے بھرتی کا عمل بھی تیز کر دیا جائے اور فری لانسرز کیلئے بھی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ ان کو آسان شرائط پر قرضے دیے جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں