محکمہ صحت خیبرپختونخواہ نے بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کیلئے اجاز ت مانگ لی

پنجاب حکومت کومحکمہ صحت خیبرپختونخواہ کی جانب سے یاددہانی کا خط ارسال کیاگیاہے،سابق خاتون اول کے طبی معائنے کی غرض سے میڈیکل ٹیم کیلئے اجازت مانگی گئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 13:12

محکمہ صحت خیبرپختونخواہ نے بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کیلئے اجاز ت مانگ لی
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) محکمہ صحت خیبرپختونخواہ کا پنجاب حکومت سے رابطہ،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کیلئے ایک بار پھر درخواست کر دی، محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے پنجاب حکومت کو یاددہانی کا خط ارسال کیا ہے جس میں سابق خاتون اول کے طبی معائنے کی غرض سے میڈیکل ٹیم کیلئے اجازت مانگی گئی ہے۔ وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 3 اپریل کو لکھے گئے خط کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

خط میں وزیر صحت نے سابق وزیر اعظم عمران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔صوبائی وزیر صحت نے خط میں لکھا کہ میرے دفتر سے جاری ہونے والے خط میں بشریٰ بی بی کو زہریلی خوراک سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ہم نے پہلے بھی بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کے نام خط لکھا تھا۔

پنجاب حکومت کے نام لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر حکومت پنجاب سے رابطہ کیا تھا۔ہم نے خط میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کی بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست کی تھی۔ہم چاہتے ہیں حکومت خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل بشریٰ بی بی کا تفصیلی معائنہ کرے۔

پچھلے خط کے متن کے مطابق طبی معائنہ اور صحت کی خدمات تک رسائی ہر انسان کا بنیادی آئینی حق ہے۔خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے کئی بار تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ہمیں بھی شدید تحفظات ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے طبی ماہرین پر مشتمل ٹیم کو بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں