بھارت کے کشمیر پر جارجیت کے 75 سال کے موقع پر خیبر پختونخوا ہاوس مردان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب اور واک کا اہتمام

جمعرات 27 اکتوبر 2022 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2022ء) ضلعی انتظامیہ مردان کی زیر نگرانی 27 اکتوبر کو یوم سیاہ، بھارت کے کشمیر پر جارجیت کے 75 سال کے موقع پر خیبر پختونخوا ہاوس مردان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انجینئر سید شاہ زیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلانگ اینڈ فنانس سمیع الر حمٰن، اسسٹنٹ کمشنر مردان میڈم عائشہ طاہر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز مردان، ڈی ای او فیمل عابدہ پروین سمیت میڈیا نمائندوں، اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔

تقریب میں یوم سیاہ، بھارت کے کشمیر پر جارجیت کے 75 سال پورے ہونے کی مناسبت سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع مردان کے مختلف سکولوں کے طلباء وطالبات نے تقاریر، خاکے، ملی نغمے اور ٹیبلوز وغیرہ پیش کئیے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے۔

بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو آزادی نہ دیکر انکا بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے۔بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق پامال کر تے ہوئے گذشتہ 75 سالوں سے ان کی آزادی سلب کی ہوئی ہے اور ہمارے کشمیری بھائی انتہائی مشکل زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کے پی ہاوس سے لیکر پی آر سی چوک تک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔

واک کے شر کاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، کشمیر کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیا۔ تقریب میں طلباء و دیگر شرکا نے واک کے دوران کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر مردان نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ27 اکتوبر1947 انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے جب بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی گئی۔ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور انکے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

بھارت نے تمام انسانی حقوق روندھتے ہوئے کشمیر کے علاقے میں زبردستی اپنی فوج داخل کی اور وہاں کے عوام کو اپنے حق خود ارادیت سے محروم کردیا۔ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر ی عوام جس طرح بھارتی سرکارکے ظلم و ستم کا شکار ہیں،وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ بوڑھے، جوان، خواتین اور یہاں تک کہ معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے اور وہ بھی صرف اس لئے کہ وہ اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں و ہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشا ء اللہ ان کی جدوجہدضرور کامیاب ہو گی اوروہ امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں