پشاور : کالجز اور جامعات میں نسوار ،سگریٹ کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی

فیصلہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں منعقد میں اجلاس میں کیا گیا ،محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے کی تمام جامعات کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا

منگل 13 نومبر 2018 22:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) خیبرپختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے بھر کے کالجز اور جامعات میں نسوار اور سگریٹ کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔اس بات کا فیصلہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں منعقد میں اجلاس ہوا، جس میں صوبائی محکمہ تعلیم کے نمائندوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات پر پابندی لگائی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ طلبہ سمیت تمام اسٹاف نسوار کا استعمال اور تمباکو نوشی نہ کریں۔اعلامیے کے مطابق منشیات کی روک تھام کے لیے ہفتہ وار یا ماہوار بنیادوں پر آگاہی پروگرام شروع کیے جائیں جبکہ تعلیمی اداروں میں موجود کینٹین اور کیفے ٹیریاز کا دورہ کیا جائے اور وہاں موجود مشروبات اور دیگر اشیائ کا معائنہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق پابندی کے حوالے سے صوبے کی تمام جامعات کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار ملک بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا نوٹس لیا تھا۔چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات با آسانی دستیاب ہیں اور اس کے فروغ سے ہم اپنا مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ’پاکستان کے روشن مستقل کے لیے منشیات مافیا کو قابو کرنا ہوگا‘۔۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں