خیبر پختونخوا ٹورازم پولیس کی ٹریننگ تھائی لینڈ سے کرائی جائیگی،عاطف خان

سیاحتی سیزن سے پہلے ٹوارزم پولیس کا قیام عمل میں لایا جائیگا، سینئر صوبائی وزیر سیاحت

جمعرات 21 مارچ 2019 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) سینئر صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت عاطف خان نے کہاہے کہ خیبر پختوخوا ٹوارزم پولیس کی تربیت تھائی لینڈ ٹوارزم پولیس سے کرائی جائیگی۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم پولیس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور سیزن سے قبل ہی یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر نے تھائی لینڈ ٹورازم پولیس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت راشد محمود، ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ورلڈ بینک پاکستان کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، ملاقات میں تھائی لینڈ ٹورازم پولیس کے حوالے سے وفد نے تفصیلی بریفنگ دی، وفد نے دوران بریفنگ بتایا کہ تھائی لینڈ ٹورازم پولیس کا قیام 20 سال قبل عمل میں لایا گیا تھا جس کے باعث تھائی لینڈ میں سیاحت نے تیزی سے ترقی پائی ہے۔

(جاری ہے)

وفد کا کہنا تھا کہ ٹورازم پولیس کا کام سیاحوں کی حفاظت اور ان کو سہولیات فراہم کرنا ہے،ہمارے ملک میں سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، سینئر وزیر عاطف خان نے اس موقع پر تھائی ٹوارزم پولیس کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹورازم پولیس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، قیام کا عمل مکمل ہونے کے بعد پولیس کی ٹریننگ تھائی لینڈ پولیس سے کرائی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی آباد کاری پر عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے صوبے میں 20سے زائد نئے سیاحتی مقامات تیار کئے جائینگے جبکہ اس کے علاوہ موجودہ سیاحتی مقامات کو بھی تمام تر سہولیات سے آراستہ کیاجائے گا، ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ پہلے مقامی سیاحت کو فروغ دیا جائے اور سیاحوں کی سہولیات اور حفاظت کیلئے ٹورازم پولیس کا ضروری قیام عمل میں لایا جائے۔

اس موقع پر سینئر وزیر نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختوخوا کو ٹوارزم پولیس کے قیام کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ کے بعد تھائی لینڈٹورازم پولیس کے عہدیداروں نے ہیریٹج ٹریل، گور گٹھڑی اور سیٹھی ہاؤس کا دورہ بھی کیا، وفد نے تاریخی مقامات میں گہری دلچسپی لی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں