تمام رائے دہندگان اپنے ووٹ کااندرکل31مارچ تک مکمل کریں،حبیب الرحمان

منگل 26 مارچ 2019 18:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر/رجسٹریشن آفیسر کوہاٹ حبیب الرحمن خٹک نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق ایسے تمام رائے دہندگان جن کے ووٹ قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دوسرے پتہ پر درج ہیں کو 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ کو شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ پر منتقل کروانے کی سہولت دی گئی تھی لہٰذا جو رائے دہند گان31 دسمبر تک اس سہولت سے فائد ہ نہ اٹھا سکے تھے ان کو اب 31 مارچ 2019 تک یہ سہولت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔

ڈسٹرکٹ رجسٹریشن آفیسر نے ضلع کوہاٹ کی مختلف یونین کونسلز کی منتخب خواتین کونسلرز اور سوشل ورکرزکے ساتھ منعقدہ اجلاس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر آئین کی شق 219(ای)اور الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 36 میں دئیے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ ووٹ کے بنیادی حق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور رائے دہندگان کے ووٹ کے اندراج کو شناختی کارڈ پر درج پتوں کے مطابق منتقل کیا جاسکے اس سلسلے میں ضلع کوہاٹ میں عوام کی سہولت کے لئے کوہاٹ کی تین تحصیلوں میں فارم جمع کرانے کے مراکز بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ عوام اپنے ووٹ کی معلومات کے لئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔ تمام مراکز برائے وصولی فارم (اندراج و منتقلی ووٹ) ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے ۔انہوںنے کہا کہ مستقبل قریب میں ہونے والے ٹرائبل ڈسٹرکٹس میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لئے عوام میں ووٹوں سے متعلق دلچسپی بڑھ رہی ہے لہٰذاووٹرز کسی بھی دشواری کی صورت میںیا معلومات کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوہاٹ یا فون نمبر 860153 0922-پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں