انسپکٹر جنرل خیبرپختونخو کا ٹیلی کمیونیکیشن ہیڈ کوارٹرز پولیس لائن پشاور کا دورہ

جمعہ 18 ستمبر 2020 23:52

پشاور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنااللہ عباسی نے ٹیلی کمیونیکیشن ہیڈ کوارٹرز پولیس لائن پشاور کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن ، اے آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر اعلی پولیس حکام نے صوبائی پولیس سربراہ کا استقبال کیا۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن نے اس موقع پر صوبائی پولیس سربراہ کو تمام صوبے بشمول ضم شدہ اضلاع میں پولیس پیٹرولنگ کے لیے خریدی گئی 31نئی گاڑیوں کا معائنہ کرایا اور تفصیلی بریفنگ دی۔

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ 28سنگل کیبن اور 7ڈبل کیبن گاڑیاں ٹیلی ہیڈکوارٹرز پہنچ چکی ہیں، اور معائنہ کے بعد ان کو اضلاع کے حوالے کر دیا جائے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سال 71نئی گاڑیاں ضم شدہ اضلاع میں پولیس پیٹرولنگ کے لیے پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح مزید گاڑیاں بھی بہت جلد پولیس کو فراہم ہو کر پیٹرولنگ سکواڈ کا حصہ بن جائیں گی۔

اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی کے لیے پولیس کو ضروری سازو سامان، سکیورٹی آلات اور جدید گاڑیوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ہمارے فرائض میں شامل ہے اور اس کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں پولیس کو بہترین تربیت کے ساتھ تمام تر ضروری ساز وسامان سے لیس کیا جارہا ہے تاکہ ضم شدہ اضلاع میں قیام امن کے لئے پولیس اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کر سکے، جس سے عوام میں پولیس کے نظام پر اعتماد بڑھے گا اور پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں