تیمور جھگڑا کا ریگی میں ہائی سکول اور آر ایچ سی کا اچانک دورہ

ہفتہ 26 ستمبر 2020 21:48

پشاور۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ہفتے کے روز اپنے حلقہ نیابت میں سکول اور ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ ریگی ہائی سکول نمبر 1 کے دورے کے موقع پر انہوں نے زیر تعمیر بلاک کا معائنہ کیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نئے بلاک کے لیے فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔

تیمور جھگڑا نے مختلف کلاس رومز کا بھی دورہ کیا اور طلباء سے ملے۔ کورونا ایس او پیز کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اور ان سے درپیش مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ بعد ازاں وزیر صحت و خزانہ کو اساتذہ اور مقامی مشران و عمائدین نے بھی سکول سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا نے ہائی سکول نمبر 1 ریگی کے لیے کمپیوٹر لیب کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے رورل ہیلتھ سنٹر ریگی ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا وہاں صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آر ایچ سی ریگی میں ایوننگ شفٹ کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ ہسپتال میں عملے کی رہائش کے ساتھ ساتھ طبی آلات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگی آر ایچ سی میں اس وقت جنرل او پی ڈی سمیت تین شعبے دن رات فعال ہیں۔ آئندہ چھ ماہ کے دوران پشاور کے تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کو اپگریڈ کریں گے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ ریگی ہسپتال کی طرح ہائی سکول کو بھی ماڈل سکول بنائیں گے جبکہ ان دونوں کے لیے فنڈز دستیاب ہیں۔ ان کو درپیش مسائل جلد حل کر لیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں