پرائس کنٹرول اور اس سلسلے میں شکایا ت کا ازالہ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے،نورعالم محسود

پیر 19 اکتوبر 2020 23:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نور عالم محسود نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول اور اس سلسلے میں شکایا ت کا ازالہ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔اشیاء خوردونوش کی قیمتوںکو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی ، خود ساختہ مہنگائی اور ملاوٹ کے تدارک کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے دوران 1500سے زائد دکانوں کو چیک کیا گیا جبکہ 10لاکھ روپے تک جرمانے عائد کیے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سرکٹ ہائوس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ کمشنر ز، محکمہ لائیوسٹاک، حلال فوڈ اتھارٹی، فوڈ، پولیس اور لیبر کے محکموں کے افسران و نمائندوں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں اورعام لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں و دیگر مسائل کی نشاندہی کی گئی جن میں آٹے کے کوٹے، ہوٹلوں پر روزمرہ کے کھانے پینے کی اشیاء کے نرخنامے کی پابندی نہ ہونا ، سرکاری نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں نہ کرنے، گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ مہنگائی سے متعلق مسائل شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارا مقصد عام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے کیونکہ مہنگائی بڑھنے سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جرمانوں کا مقصد اصلاح کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی جانب سے پرائس کنٹرول و دیگر متفرق مسائل کی نشاندہی میں خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ ایک ہفتے میں ٹائیگر فورس کے فعال رضاکاروں کے کارڈز کا اجراء بھی کر دیا جائیگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے کہاکہ قیمتوں کے اتارچڑھائو کی بنیادی جگہ سبزی و فروٹ منڈی ہے لہذا وہاں پر ہونے والی کافی خلاف ورزیوں کو کافی حد تک ٹھیک کر دیا گیا ہے جس کے اثرات سامنے بھی آ رہے ہیں۔

دکانداروں کو سرکاری جاری کردہ نرخنامے نمایاں جگہ آویزاں کرنے کا پابند بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں میرے دفتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیںجبکہ پاکستان سٹیزن پورٹل میںبھی کافی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا تا ہے۔ آٹے کے حوالے سے قیمتوں کی شکایات کے ازالے کیلئے مختلف فکسڈ اور موبائل پوائنٹس بنائے گئے ہیںجن کے ذریعے گورنمنٹ کے امدادی نرخوںپر آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں