& ظالمانہ مہنگائی کی بدولت عوام کی قوت خرید مکمل طور پر جواب دے گئی ہے ،سکندر حیات شیرپاؤ

اتوار 24 جنوری 2021 19:25

) پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے پٹرولیم مصنوعات،بجلی ،گھی وچینی اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ظالمانہ مہنگائی کی بدولت عوام کی قوت خرید مکمل طور پر جواب دے گئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان نے غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے کے نام پر ووٹ لے کر غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی اپنالی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں سابق گورنر شہیدوطن حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپائو نے شہید قائد کی پختونوں کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات کی بدولت آج بھی عوام کی دلوں میں زندہ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی شہید لیڈر کی سیاسی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکرعوام کو جاری بحرانوں سے نکالنے اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرے گی۔

انھوں نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہوشربا مہنگائی کے تلے دبا کر ان کو تبدیلی ،روزگار اور نئے پاکستان کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں غریب آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہو چکا ہے مگر ریاست مدینہ کے دعویداروں کو احساس تک نہیں۔انھوں نے سوال کیا کہ مہنگائی کے اس بد ترین دور میں اگرممبران اسمبلی کااپنی تنخواہ میں گزارہ نہیں ہوتا توپانچ سوروپے کی دیہاڑی میں ایک مزدورکا گزارہ کیسے گا۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کو تواپنی تنخواہ بڑھانے کی فکر ہے مگر اس ملک کے غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت عوام کا اعتماد ہو چکی ہے کیونکہ انھوں نے نہ اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنایا اورنہ ہی عوام کی صحیح نمائندگی کا حق اداکیا جبکہ ہر نعرے اور وعدے پر یوٹرن لے کر غریب عوام اور باالخصوص نوجوان طبقہ کو مکمل طور پر مایوس کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں