چیف ٹریفک آفیسر کا ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے کینٹ سیکٹر کا دورہ

شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی‘چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

ہفتہ 12 جون 2021 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے کینٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ایس پی کینٹ دوست محمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کی روانی اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے نتیجے میں آنیوالی بہتری کا جائزہ لیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کلیئر کرنے پر ٹریفک افسران اور وارڈنز کی کارکردگی کی تعریف کی اسی طرح چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے جاری مہمات سیٹ بیلٹ اور بغیر ہیلمٹ کے ڈرائیونگ کرنے، کالے شیشوں کے استعمال، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ جاری مہمات کے تحت کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ نرمی نہ برتی جائے، سٹی ٹریفک پولیس پشاور ہر صورت میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں اور پلازوں میں پارکنگ کو ہر صورت میں یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کریں جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا عملہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمداور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھے کیونکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک عملے کے ساتھ تعاون کرے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں