وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکی زیر صدارت اجلاس، سرکاری اورنجی نئی ہائوسنگ سکیموں سے متعلق اُمور پر غور و خوض

بدھ 27 مارچ 2024 23:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائومیں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں سرکاری اورنجی نئی ہائوسنگ سکیموں سے متعلق اُمور پر غور و خوض کیا گیا۔صوبائی وزراءارشد ایوب ، فضل حکیم، تحصیل چیئرمین متھرا، انعام اﷲ خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، کمشنر پشاور، ڈی سی پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً صوبائی دارلحکومت پشاور میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور شعبہ ہائوسنگ کی دیر پا بنیادوں پر ترقی وقت کا تقاضا ہے ، اُن کی حکومت دیگر ترجیحی اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی ، اربن ڈویلپمنٹ، سرمایہ کاری کے فروغ اور ایز آف ڈوانگ بزنس کیلئے بھی پرعزم ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں نجی سرمایہ کاری کی نہ صرف بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ اس سلسلے میں صوبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند نجی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرے گی ۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجی سرمایہ کاری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ، سرمایہ کاری کے جملہ عمل کو آسان سے آسان بنانے اور پیچیدگیوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کیا جا سکے ۔

ان تمام تر اقدامات کے ذریعے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی، اُن کے طرز زندگی میں مثبت تبدیلی رونما ہو گی ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مجموعی طور پر صوبے کی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس مقصد کیلئے متعلقہ اداروں اور محکموں کو حقیقت پسندانہ حکمت عملی کے تحت مربوط اقدامات اُٹھانا ہوں گے ۔

علی امین گنڈا پور نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو نیو پشاور ویلی منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیلئے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جائے اور یہ منصوبہ بلٹ آپریٹ ٹرانسفر(بی او ٹی ) موڈ پر تعمیر کیا جائے ۔ علی امین خان گنڈا پور نے کہاکہ صوبے میں منظور شدہ ہاوسنگ سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان سکیموں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کو معیاری رہائشی سہولیات میسر ہوسکیں بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوسکیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں