(ڈرگ کورٹ ایبٹ آباد کیمپ میں ڈرگ کیسز کی سماعت، 19 مختلف کیسز میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 19 ہزار کے جُرمانے عائد،

جمعرات 28 مارچ 2024 22:30

’پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) ڈائریکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز ڈاکٹر عباس نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں جعلی ادویات کیخلاف فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے مشترکہ تعاون سے کریک ڈاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مد میں ڈرگ کورٹ ایبٹ آباد کیمپ نے آج ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف نوعیت کے 19 کیسز نمٹا دیے۔

ان کے مطابق مُختلف کیسز میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 19 ہزار کے جُرمانے عائد کئے گئے۔

(جاری ہے)

جُرمانوں کے علاوہ ایک دن قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ سزا ڈرگ ایکٹ کے تحت سنائی گئی،دوسری جانب صوبہ بھر میں جاری جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاون کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی ڈرگز نے بتایا کہ ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر چارسدہ میں پانچ میڈیکل سٹورز کو سیل کردیا گیا جبکہ پندرہ میڈیکل سٹورز سے نمونے لیکر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری تجزیے کیلئے روانہ کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی خان میں جعلی ڈیٹول بیچنے پر میڈیکل سٹور کو تالے لگ گئے جبکہ صوابی میں حکومت پنجاب کی سرکاری ادویات کے فروخت پر میڈیکل سٹور کوسیل کردیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں