وزیرتعلیم خیبر پختونخوا فیصل خان ترکئی کا گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سٹی نمبر ون پشاور کے امتحانی ہال کا دورہ،صورتحال کا جائزہ لیا

جمعرات 18 اپریل 2024 15:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر تعلیم خیبر پختونخوا فیصل خان ترکئی نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سٹی نمبر ون پشاور کے امتحانی ہال کا دورہ کیا ،انہوں نے امتحانی نظام کا جائزہ اور طلبا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں شفاف امتحانات کو منعقد کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے بھر کا امتحانی عملہ امتحانات کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ معماران قوم کا مستقبل اب آپ کے ہاتھ میں ہے، کوشش کریں کہ میرٹ پر حقدار کو اس کا حق ملے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ میٹرک میں عمومی طور پر چھوٹے بچے ہوتے ہیں ان کے ساتھ شفقت کا رویہ رکھیں۔ سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری اسفندیار خٹک اور چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ نصراللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ میں ، میری ٹیم اورسیکرٹیریٹ کی ٹیمیں صوبے بھر کے امتحانی مراکز کا جائزہ لے رہی ہیں، امتحانی نظام میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز کی تیاریاں مکمل ہیں، والدین اور طلبہ مطمئن رہیں ان کو اپنی محنت کا صلہ ملے گا، امید ہے کہ ہمارے میرٹ کے نظام سے گزرنے والے بچے آگے جا کر ملک کی بہتر خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب اور میرٹ بیسڈ امتحانات کےلئے ہمیں ضلعی انتظامیہ ،پولیس، واپڈا اور دیگر اداروں کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔ وزیر تعلیم نے جاری امتحانات کے حوالے سے کہا کہ امسال صوبے بھر سے 8 لاکھ 93ہزار 524 طلبا و طالبات میٹرک کے امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں کلاس نہم کے چار لاکھ 57 ہزار اور دہم کے چار لاکھ 35 ہزار طلبہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں کل 3569 امتحانی ہال قائم کیے گئے ہیں، اسی طرح امتحانات میں ہمیں صوبے بھر سے تقریبا 24 ہزار سپروائزری عملے کی خدمات حاصل ہیں۔ امتحانات کو کامیاب اور شفاف بنانے اور شکایات کی ازالے کے لیے محکمہ تعلیم میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے سیکرٹریٹ میں قائم مانیٹرنگ سیل کا بھی دورہ کیا اور صوبے بھر کے امتحانی ہالز کا جائزہ لیا،انہوں نے موقعے پر ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں