سیاح پہاڑی علاقوں بالخصوص وادی کاغان میں بارشوں کے دوران سفر سے گریز کریں، مشیر سیاحت

جمعہ 19 اپریل 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے صوبے میں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سیاحتی علاقوں اور پہاڑی صحت افزاء مقامات پر مسافروں کی مدد اور رہنمائی کیلئے مقامی انتظامیہ اور پولیس کو فعال کردار ادا کرنے جبکہ سیاحوں کو ایس او پیز کا پورا خیال رکھنے کی تلقین کی ہے۔

زاہد چن زیب بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بذات خود جائزہ لینے کیلئے شدید متاثرہ وادی کاغان اور مانسہرہ کے دورے پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے متعلقہ حکام کے ہمراہ مختلف مقامات پر شاہراہوں اور ہوٹلوں میں سیاحوں کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا تاہم انہوں نے بارشوں سے پیدا ہونے والی مخدوش صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کو وادی کاغان کی سیر سے احتراز کرنے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ شدید بارشیں پہاڑی سلسلے میں اکثر قدرتی آفات میں بدل جاتی ہیں جو انسانی دائرہ اختیار سے باہر ہو جائیں تو پھر وہاں سفر سے گریز بہترین آپشن ہوتا ہے۔ اسی طرح انہوں نے سیاحوں کو سفر و سیاحت سے پہلے موسمی صورتحال کا جائزہ لینے جبکہ ٹورازم اتھارٹی کو اس ضمن میں سیاحوں کی بھرپور رہنمائی مہیا کرنے پر بھی زور دیا۔ مشیر سیاحت نے حکام کو سیاحتی علاقوں میں شاہراہوں اور بازاروں میں بجلی اور دیگر تنصیبات کو بارشوں میں محفوظ بنانے اور دوران سفر مسافروں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں