خیبرپختونخوا کے مخصوص اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، وزیر صحت قاسم علی شاہ

جمعہ 26 اپریل 2024 17:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نےکہا ہے کہ 29اپریل سے شروع ہونے والے اس پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے مرحلے میں صوبہ کے 13مکمل اضلاع بشمول پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرم، خیبر، باجوڑ، دیر اپر، بنوں، لکی مروت، ٹانک، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں بحیثیت مجموعی 28لاکھ 34ہزار306بچوں کو پولیو سے بچاوٗ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر صوبے میں انسداد پولیو کمپین کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے میڈیا سے گُفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مہم کے اس مرحلے کے دوران ضلع نوشہرہ، صوابی، بونیر، مالاکنڈ، چترال اپر، ہری پور، مانسہرہ اور ضلع مہمند میں واقع افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مخصوص یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر78ہزار 198بچوں کو کو پولیو سے بچاوٗکے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

عوام کو ساتھ لیکر چلنا ہے، علما، علاقے کے معززین، سیاسی رہنماوں اور پیڈیاٹریشنز کو انسداد پولیو مہم کا حصہ بنایا گیا ہے، صوبے کے مخصوص اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں، 29اپریل سے شروع ہونے والی دو مرحلوں پر مشتمل انسداد پولیو کی اس مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 44لاکھ 23ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوٗ کے قطرے پلوائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2مئی سے6مئی تک انسداد پولیو کے اس مہم کے دوسرے مرحلے میں پانچ اضلاع بشمول ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، مردان، لوئر چترال اور لوئر دیر میں 15لاکھ 11ہزار325بچوں کو پولیو سے بچاوٗ کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی اس مہم کیلئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 21 ہزار38ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 18ہزار 926 موبائل ٹیمیں، 1,092فکسڈٹیمیں، 920 ٹرانزٹ اور 100رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کی موثر نگرانی کیلئے 3,969ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔اس پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تقریبا32ہزار 700 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں