خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے میں موجود آبی وسائل کے موثر استعمال کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ٹانک زام ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 27 اپریل 2024 20:10

l پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں موجود آبی وسائل کے موثر استعمال کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ٹانک زام ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ناصرف آبی وسائل کا تحفظ یقینی ہو گا بلکہ فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدام کو بھی تقویت ملے گی۔یہ فیصلہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی خیبر پختونخوا سید امتیاز حسین شاہ اور سیکرٹری آبپاشی طاہر اورکزئی کے علاوہ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کو زرعی اجناس کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے سلسلے میں بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لئے مجوزہ ٹانک زام ڈیم اور چشمہ رائٹ بنک لفٹ کینال کی تعمیر کے علاوہ آبپاشی کے دیگر منصوبوں پر غوروخوض کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکام کی جانب سے ان منصوبوں کے مختلف پہلوو ں اور ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دستیاب آپشنز پر بریفنگ دی گئی۔ مجوزہ ٹانک زام ڈیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ ڈیم کی تعمیر سے جنوبی اضلاع کی ایک لاکھ ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی جبکہ 25.5 میگاواٹ سستی بجلی بھی پیدا ہوسکے گی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ٹانک زام ڈیم کے مجوزہ منصوبے پر عملی پیشرفت کے لئے ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈیم کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے نہ صرف جنوبی اضلاع کی بنجر زمینوں کو سیراب کر نے میں مدد ملے گی بلکہ سستی بجلی پیدا کرنے کے علاوہ سیلاب کے نقصانات کو بھی کم سے کم کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی فوڈ سکیورٹی کے سلسلے میں بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کے لئے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے صوبے میں غذائی اجناس کی قلت کا مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت اقدامات اٹھائے گی اور ایسے منصوبوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں