پشاور میں پاک انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو2024 کا آغاز،

دو روزہ پولٹری ایکسپو کل بھی جاری رہے گی،ایکسپو کا افتتاح وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے کیا

منگل 30 اپریل 2024 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پشاور میں پاک انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو2024 کا آغاز ہوگیا، دو روزہ پولٹری ایکسپو (کل)یکم مئی کو بھی جاری رہے گا،ایکسپو کا افتتاح وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے کیا۔ایکسپو کا انعقاد محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ ایگریکلچر نے لائیو سٹاک فارمرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، لائیو سٹاک کوآپریٹو سوسائٹی اور ان باکس پاکستان کے اشتراک سے کیا ہے۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی محبوب شیر، زاہد اللہ سمیت سیکرٹری لائیو سٹاک ڈاکٹر عنبر علی اور شعبہ زراعت و لائیو سٹاک کی تمام ونگز کے ڈی جیزاور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ایکسپو میں قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے سٹال لگائے ہیں، ایکسپو میں زراعت اور لائیو سٹاک شعبوں سے منسلک ماہرین بھی شرکت کررہے ہیں. افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد کا مقصد پولٹری سیکٹر سے وابستہ افراد کوبہتر اور مفید انداز میں پولٹری فارمنگ سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور اس کاروبار سے منسلک لوگوں کی آگاہی کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایکسپو میں کل 46 سٹالز لگائے گئے ہیں اور پولٹری فارمرز کی رہنمائی کے لئے ماہرین موجود ہیں. ایکسپو کے پہلے روز یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کے ساتھ عوام نے گہری دلچسپی لی اور لائیو سٹاک و زرعی منصوبوں و تحقیق سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں