وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹیبل ٹینس صوبائی لیگ کا آغاز ، معاون خصوصی مشعود احمد خان نے افتتاح کیا

جمعہ 19 اپریل 2024 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹیبل ٹینس صوبائی لیگ کا آغاز ہو گیا جس کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس کے ارینہ ہال میں منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور معاون خصوصی مشعود احمد خان نے فیتہ کاٹ کر لیگ کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور علی محمد، سکواش لیجنڈ قمرزمان،ڈائریکٹر آپریشن عزیز اللہ اور آرگنائزر علی ہوتی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ٹیبل ٹینس ایونٹ کے پہلے مرحلے میں صوبہ بھر میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا تاہم دوسرے مرحلے میں صوبائی سطح پر میل اور فیمیل ٹیبل ٹینس لیگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں سے دو مردوں کی اور دو خواتین کی ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا جو کہ آخری مرحلے میں قومی سطح پر صوبے کی نمائندگی کریں گی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیئرمین وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام مشعود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مقابلوں میں مساوی بنیادوں پر مواقع فراہم کریں تاکہ مرد و خواتین دونوں ملک کا نام روشن کر سکیں ۔

انہوں نے کہاکہ مہذب اور ترقی یافتہ ممالک میں سپورٹس کو انڈسٹری کا درجہ دیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ سپورٹس کے میدان میں کارہائے نمایاں سر انجام دے چکے ہیں۔قبل ازیں وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور علی محمد نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشونما کے لئے بہت ضروری ہیں اور کھیل ڈپریشن میں کمی اور مثبت سرگرمیوں کی طرف رجحان میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں