گزشتہ چار سال تک مسلط غیر جمہوری ٹولہ نے ملک کو معاشی اور سیاسی سخت تباہی کے دھانے پر پہنچایا، مولانا کمال الدین

جمہوری ،ووٹ پر یقین رکھنے والی سیاسی قوتیں غیر جمہوری ،عوامی مینڈیٹ سے انکار کی پالیسی پر گامزن عناصر کیخلاف یکجا ہیں،رکن قومی اسمبلی

جمعرات 26 مئی 2022 16:09

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2022ء) جمعیت علما اسلام کے صوبائی سینئر نائب امیر اور رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین نے کہا ہے کہ ملک کی تمام جمہوری اور عوام کے ووٹ پر یقین رکھنے والی سیاسی قوتیں غیر جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے انکار کی پالیسی پر گامزن عناصر کے خلاف یکجا ہوئی ہیں، گزشتہ چار سال تک مسلط غیر جمہوری ٹولہ نے ملک کو معاشی اور سیاسی سخت تباہی کے دھانے پر پہنچایا، ان کی غلط پالیسیاں اور غیر جمہوری طرز عمل انہیں لے ڈوبے، ان غیر جمہوری عناصر سے نجات کیلئے عوام کو ملک کی حقیقی جمہوری قوتوں کا ساتھ دینا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل نمبر 7 وارڈ نمبر 5 بیلہ برشور سے باپ پارٹی کے سرکردہ رہنما نامزد آزاد امیدوار عبداللہ کاکڑ اور ان کے ساتھیوں سمیت تمام خاندان کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر عبداللہ کاکڑ جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار مولوی علی محمد کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

(جاری ہے)

شمولیت کے اجتماع سے برشور کے تحصیل امیر حافظ محمد شاہد ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک بازمحمد کاکڑ ،حافظ محمد حقداد مولوی علی محمد محمدنعیم کاکڑ سراج الدین کاکڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارا مقصد صرف اسمبلیوں تک پہنچنا نہیں بلکہ ایک حقیقی جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے عوام کی آواز اسمبلیوں تک پہنچانا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا اور مرنا عوام کے ساتھ ہے، ہمارا موسمی پرندوں کی مانند موسمی سیاست سے کوئی واسط نہیں، ہم نے ہر وقت عوام کے درمیان رہ کر سیاست کو اپنا شیوہ بنا یا ہے، انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک کے تمام جمہوری قوتوں کے شانہ بشانہ اپنے عوام کی آواز کو پارلیمنٹ کے ایوانوں تک پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔

عوام کو صحیح اور غلط کا مکمل ادراک ہے، جمعیت علماء اسلام میں لوگوں کی شمولیت جماعتی پالیسیوں پر عوام کی اعتماد کا مظہر ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور حقیقی جمہوریت کے فروغ کیلئے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، مقررین نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان بھر کے تمام عوام ایک نمائندہ جماعت ہے، جنہوں نے ہر دور میں اسلام کے زریں اصولوں کے تحت اپنے عوام کی حقیقی رہنمائی کا فریضہ نبھایا ہے، انہوں نے کہا کارکن کسی بھی قسم کی گروہی اور علاقائی اختلافات سے دور رہ کر اتحاد اور اتفاق کو فروغ دیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دروغ گوئی اور نفرتوں کی بنیاد پر سیاست نہیں کی جاسکتی موجودہ حالات میں حق اور سچ کا ساتھ دینا ایمان کی نشانی ہے، انہوں نے کہا کہ دستور اور منشور پر عمل درآمد ضروری ہے۔ ہم اصول اور دلیل کے بنیاد پر سیاست کرنے پر یقین رکھتے ہیں، بعض عناصر علاقے میں قومیت اور علاقائیت کے نام پر عوام کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، جو کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمت کا تقاضا ہے کہ جماعت کے رہنما اور کارکن دستور اور منشور کو اپنا نصب العین بنائے، ملک کے موجودہ حالات میں جماعت کے کارکنوں اورذمہ داروں پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اپنے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہے جے یو آئی کے کوششوں کے بدولت تحصیل برشور اور کاریزات سمیت تمام ضلع پشین کی ترقی کیلئے جمعیت علما اسلام کے نومنتخب عوامی نمائندوں نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے تمام سیاسی اور جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کررہی ہے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں