کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروںسمیت5افراد جاں بحق، 16زخمی

دھماکے کے نتیجے میں2گاڑیاں اور ایک رکشہ تباہ ہوگیا،خود کش حملے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از قت ہوگا،ڈی آئی جی کوئٹہ

جمعہ 23 جون 2017 11:34

کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروںسمیت5افراد جاں بحق، 16زخمی
کوئٹہ۔23جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) کوئٹہ میں آئی جی پولیس کے دفتر کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت5افراد جاں بحق اور16افرادزخمی ہوگئے ،دھماکے سے 2گاڑیوں اورایک رکشے کو بھی نقصان پہنچا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی صبح کوئٹہ کے علاقے آئی جی پولیس آفس چوک کے قریب ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے گلستان روڈ سے آنے والی ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گاڑی نہ رکنے پر جب دوسری جگہ پولیس نے گاڑی کوروکا تو اسی دوان دھماکہ ہوگیا ۔

انہوں نے بتایا کہ دھاکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت5افراد جاں بحق جبکہ 16کے قریب زخمی ہوئے ہیں زخمیوں اور نعشوں کو فوری طور پرسول ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دھماکہ خودکش تھا اوراس کا ٹارگٹ کیا تھادھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اور دیگر ٹیمیں تحقیقات کررہی ہیں جیسے ہی مزید کوئی اپ ڈیٹ ملے گی میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شہر میںسیکورٹی ہائی الرٹ تھی اور پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں پر کھیل کر بڑا سانحہ رونما ہونے سے بچایا ہے۔دھماکے کے بعد آئی جی میجرجنرل ندیم انجم ،پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا اور معلومات حاصل کیں۔ دھماکے کے نتیجے میں 2گاڑیاںاور ایک رکشہ مکمل طورپر تباہ ہوگیا ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں