بھارتی قبضے سے آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی و جمہوری حق ہے ، بھارت طاقت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز دبانہیں سکتا، میر دانش لانگو

جمعہ 27 اکتوبر 2023 17:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2023ء) صوبائی نگران مشیر اریگیشن میر دانش لانگو نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1948کو بھارت نے کشمیر پہ غاصبانہ قبضہ کیا تھا جس کے بعد سے تاحال مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا کی جا رہی ہے ،آج بھی کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ان خیالیات کا اظہار انہوں نے نگران حکومت بلوچستان کی جانب سے یو م سیاہ کشمیر کے مناسبت سے نکالی گئی ریلی کی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میر دانش لانگو نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان بالخصوص بلوچستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کشمیر منایا گیا ،اس بابت جی پی او چوک کوئٹہ سے یوم سیاہ کشمیر ریلی نکالی گئی جو وزیراعلی ہائوس بلوچستان پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر میر دانش لانگو نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی قبضے سے آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی اور جمہوری حق ہے ، بھارت طاقت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز دبا نہیں سکتا۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ، 76 سالوں سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر واستبداد کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوا ہے ۔میر دانش لانگو نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور خطے میں امن و امان اور استحکام کو پروان چڑھنے کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے ۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر حال میں کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ صوبائی مشیر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کے خلاف اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں