دفاع پاکستان کیلئے ملک کے تمام ادارے اور سیاسی مذہبی جماعتیں متحد ہیں،حاجی نور گل خلجی

منگل 23 جنوری 2018 22:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی نورگل خلجی، حافظ یوسف رحیمی،حافظ بلال ناصر، قاری جمعہ خان، حافظ نذیراحمد اور حاجی حبیب الرحمن پکتوی نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کے لئے ملک کے تمام ادارے اور سیاسی مذہبی جماعتیں متحد ہیں۔ متحدہ مجلس عمل عوام کی آواز بن کر اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

متحدہ مجلس عمل کے حالیہ سربراہی اجلاس کو سراہتے ہیں، قومی دینی جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں۔بکھری قوت کو ایک پلیٹ فارم پر لانا خوش آئند ہے۔جوکہ ملک اور اسلام دشمن قوتوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ تشدد اور جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور نہ ہی اس سے اسلام نافذ ہوسکتا ہے۔ وطن عزیز میں اسلام کی بالادستی کا واحد راستہ قومی دھارے میں آکر سیاسی کردار اداکرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہل حدیث، دیوبندی، شیعہ اور بریلوی مکاتب فکر کی سیاسی اور دینی قیادت کی ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر موجودگی نے اتحاد امت کا پیغام دے دیا ہے۔عوام امید کرتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سیاست میں بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ اسلام کے نفاذ کی جدوجہد میں اہم کردار اداہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کا منشور قرآن و سنت کی روشنی میں مرتب کردہ ہے۔

ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ سے ہی اسلامیان پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ اکابرین پاکستان کو اسلامی قوانین کے لئے تجربہ گاہ بنانا چاہتے تھے، مگر ان کے بعد آنے والے حکمرانوں نے امریکہ نوازی اور سیکولر ازم کی طرف توجہ دی جس کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بندوق کے زور پر نہیں، ووٹ کی پرچی سے نافذ کیا جاسکتا ہے۔ پیغام پاکستان کے نام پر علما کا فتویٰ آئین پاکستان کے بعد بہترین دستاویز ہے ، جس پر تمام مکاتب فکر کے علما کے دستخط موجود ہیں۔ اسے فروغ دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں