نواز شریف کے گارڈ کی جانب سے کیمرہ مین پر تشددقابل مذمت ہے ،میر زرک زہری

پیر 17 دسمبر 2018 21:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (زہری) کے مرکزی صدر میر زرک زہری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے گارڈ کی جانب سے ایک صحافی کیمرہ مین پر تشدد کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپئن کہلانے والوں کے باڈی گارڈز کا یہ رویہ ان کی سیاسی پختگی اور برداشت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ زہری کے سربراہ میر زرک زہری نے کہا کہ صحافت پر قدغن لگانے کیلئے تشدد کا راستہ اپنانا ملک کی بڑی جمہوری سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتا میاں نواز شریف کے باڈی گارڈز اس وقت کہاں تھے جب ایک تقریب میں ان پر جوتا پھینکا گیا تھا۔ آج ایک نہتے کیمرہ مین جو کہ اپنا پروفیشنل کام کرتے ہوئے کوریج کررہا تھا اُسے تشدد کا نشانہ بنانا نہ صرف اس کے فرائض منصبی میں براہ راست مداخلت ہے بلکہ آزادی صحافت کے منافی یہ اقدام اخلاقی طور پر بھی درست عمل نہیں۔ انہوں نے مذکورہ گارڈز کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث گارڈز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں