کیچ ،محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان نے بدعنوانی،غیر حاضری ،خلاف ضابطہ امور میں ملوث 114 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا

نالائق اور کام چور اہلکار محکمہ پر بوجھ ہیں،سیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان محمد طیب لہڑی

منگل 20 اگست 2019 21:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان کی بڑی کارروائی ضلع کیچ میں بدعنوانی،غیر حاضری اور خلاف ضابطہ امور میں ملوث 114 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیاسیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان محمد طیب لہڑی کے مطابق ضلع کیچ میں عرصہ دراز سے غیر حاضر 114 اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو بیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کرتے ہوئے بر طرف کردیا گیا ہے ملازمین کو قانون کے تحت پہلے شوکاز نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم جواب نہ ملنے پر ملازمین کو برخاست کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ بہت سے اہلکاروں کی جگہ متبادل / عیوضی غیر متعلقہ افراد ڈیوٹی کرتے رہے اصل اہلکاروں کا کوئی اتا پتا نہیں ہے برطرف اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف میں بہت سے سرکاری اہلکار غیر قانونی اقدامات میں ملوث پائے گئے سینکڑوں اساتذہ اور اہلکاروں نے کئی کئی سالوں سے اپنی جائے تعیناتی والے اسکولوں کا منہ تک نہیں دیکھا گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرتے رہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان نے کہا کہ ایسے اساتذہ نے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگا دیا برطرفی کے علاؤہ دیگر سزاؤں کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی تازہ کارروائی میں تمام تر قانونی اقدامات مکمل کرتے ہوئے ضلع کیچ سے مجموعی طور پر سے 114 اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو ملازمت سے برطرف کردیا گیاانہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی صورتحال میں نمایاں بہتری کے لیے بلا امتیاز ڈیرہ بگٹی تا کیچ تمام اضلاع میں یکساں کارروائی جاری ہے گھر بیٹھے افراد کے لیے محکمہ تعلیم میں کوئی گنجائش نہیں۔

نالائق اور کام چور اہلکار محکمہ پر بوجھ ہیں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد غیر حاضری اور خلاف ضابطہ اقدامات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اور تادیبی اقدامات پر بلا امتیاز عمل درآمد جاری ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں