بلوچستان کی تہذیب وثقافت کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں، میر ظہور احمد بلیدی

پیر 16 ستمبر 2019 23:56

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان منفرد ثقافتی ورثے کاحامل ہے۔ اسکی تحفظ اور ترقی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔صوبے کی تہذیب وثقافت کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بلوچستان سٹیڈیز کے زیر اِہتمام ہریٹیج لیکچر کے مہمانِ خصوصی کے موقع پر شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخی ثقافت اور ورثہ کو احسن انداز میں اجاگر کررہے ہیں۔قومیں اپنی شناخت،ثقافت اور اقدار کے تحفظ کے لیے صدیوں سے کوششیں کررہی ہیں۔اپنی ثقافت سے جڑنے والی قومیں موجود دور میں اپنی شناخت قائم رکھ سکتے ہیں۔ہر معاشرے اپنی جداگانہ ،روایات،تہذیب وتمدن اور ثقافت رکھتاہے اور کسی بھی قوم یا ملک کی تہذیب وثقافت نہ صرف اس کی تاریخی ترجمان ہوتی ہے بلکہ کوئی بھی معاشرے اپنی تہذیب وثقافت کے تحفظ کے بغیر اپنی تاریخ سے منسک نہیں رہ سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ ہماری بقاء اور پہچان ہے اس ورثے کی بدولت ہماری شناخت ہوتی ہے کیونکہ وہی قومیںہمیشہ زندہ رہتی ہیں جو اپنی تہذیب وثقافت کی حفاظت کرتی ہیں۔ اس موقع پر ممتاز سکالر ایوب بلوچ نے بلوچستان کی غیر ماًدّی ثقافتی ورثے کے بارے آگاہی دیتے ہوئے عالمی تناظر میں اسکی اہمیت کا جائزہ پیش کیا۔ یونیسکو کے کردار اور ثقافت پر گلوبلئزیشن کے اثرات کی وضاحت کی اور اس ضمن متعدد تجاویز بھی پیش کئے۔ اس موقع پر ظفر علی بلیدی سیکرٹری ثقافت بلوچستان نے حکومتی اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ لیکچر سیشن میں دانشوروں ، محققین اور طلباء نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں