صوبائی حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے،میر نصیب اللہ مری

فارماسٹس کیلئے 300پوسٹوں کی منظوری دیدی گئی ہے،اگلے مالی سال کے بجٹ میں مزید پوسٹیں بھی رکھی جائیں گی،صوبائی وزیر صحت اوردیگر کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:59

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری ، وزیراعلیٰ کی چیئرپرسن برائے کیوڈی اے بشریٰ رند ، وزیراعلیٰ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے بی ڈی اے میرسکندر عمرانی،پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی مبین خان خلجی ، وزیراعلیٰ کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے فارماسٹس کیلئے 300پوسٹوں کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں مزید پوسٹیں بھی رکھی جائیں گی۔

یہ بات انہوں نے بدھ کی رات کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بلوچستان فارماسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے لگائے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ میں فارماسٹس اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر انہوں نے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے فارماسٹس کو جوس پلاکر انکی ہڑتال ختم کرائی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں عوام اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے صوبائی حکومت نے فارماسٹس کیلئے 300پوسٹوں کی منظوری دیدی ہے جس پر جلد ہی بھرتی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فارماسٹس کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی پوسٹیں رکھی جائیں گی تاکہ فارماسٹس کو روزگار کے مواقع مل سکیں اسکے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی فارماسٹس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں میر نصیب اللہ خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے بیرون ملک دورے کی وجہ سے فارماسٹس کیلئے پوسٹوں کی منظوری تاخیر کا شکار ہوئی وزیراعلیٰ نے کوئٹہ پہنچتے ہی فارماسٹس کیلئے پوسٹوں کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ کی چیئرپرسن برائے کیوڈی اے بشریٰ رند ، وزیراعلیٰ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے بی ڈی اے میرسکندر عمرانی، پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی مبین خان خلجی ، وزیراعلیٰ کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ عوام کو روزگار کی فراہمی حکو مت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے پڑھے لکھے نوجوانوں کو صرف سرکاری اداروں میں ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے جس کیلئے پرائیویٹ سیکٹر میں نوکریاں پیدا کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں نوکریاں پیدا کرنے کیلئے بلوچستان میں 3اکنامک زون جبکہ 3ماربل سٹی قائم کی جارہی ہیں جس سے لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے فارماسٹس کیلئے 260پوسٹوں کی منظوری دیدی ہے جبکہ 50پوسٹیں پہلے ہی مشتہر کی جاچکی ہیں اس طرح 300فارماسٹس کوروزگار ملے گا۔اس موقع پر فارماسٹس ایسوسی ایشن کے صدر قطب ساگر اور دیگر رہنماوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے فارماسٹس کیلئے 300پوسٹوں کی منظوری دینے کے اعلان کے بعد پنی تادم مرگ بھوک ہڑتال کو ختم کرنے کااعلان کیا

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں