محکمہ صحت میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین ملازمین کو درپیش مشکلات ،مسائل کے حل کیلئے خصوصی" وویمن ڈیسک "قائم کرنے کا اعلان

یہ ڈیسک جلد ہی فعال کردیا جائے گا شعبہ طب سے وابستہ خواتین اپنے مسائل کے حل کے لیے بلا جھجک اس ڈیسک سے رابطہ کرسکتی ،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت بلوچستان

ہفتہ 6 جون 2020 00:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے محکمہ صحت میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور ہر سطح کی خواتین ملازمین کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے خصوصی" وویمن ڈیسک "قائم کرنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ڈیسک جلد ہی فعال کردیا جائے گا شعبہ طب سے وابستہ خواتین اپنے مسائل کے حل کے لیے بلا جھجک اس ڈیسک سے رابطہ کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی ملازم پیشہ اور عام خواتین کو روز مرہ امور کی انجام دہی اور اپنے مسائل کے حل میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے انہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ابتدائی طور پر محکمہ صحت بلوچستان کی خواتین کے لیے خصوصی وویمن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی نے خصوصی توجہ اور بھر پور محکمہ جاتی تعاون کو یقینی بنایا جس کی بدولت ہم اس اہم اقدام کی پلاننگ اور عملی پیش رفت کرنے میں کامیاب رہے اس ڈیسک کے انتظام و انصرام سنبھالنے کے لیے بعض خواتین افسران نے رضامندی ظاہر کی ہے انشاء اللہ بہت جلد یہ ڈیسک فعال ہو جائے گا جس میں محکمہ صحت کی خواتین اہلکاران کے مسائل کی شنوائی کی جائے گی ہمارا یہ ڈیسک دیگر محکموں کے لیے بھی ایک عملی نمونہ ہوگا اور ہم امید کرتے ہیں کہ دیگر محکمے بھی خواتین کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے اس طرح کے ڈیسک تشکیل دیں گے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ تمام شعبوں میں خواتین کو اپنے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے لیے محفوظ اور تسلی بخش ماحول کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات تجویز کرنا ہونگے تاکہ خواتین پوری یکسوئی سے اپنے فرائض کی بجا آواری کو یقینی بنا سکیں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے اس امید کا اظہار کیا کہ شعبہ طب کی خواتین کے لیے قائم مجوزہ وویمن ڈیسک محکمہ کی خواتین اہلکاروں کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا اور اس کے خاطر خواہ مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں